گاندربل (جموں و کشمیر): گاندربل انتظامیہ نے اشتعال انگیز تقریر پر نیشنل کانفرنس کے ایک کارکن اور سابقہ سرپنچ کے خلاف سخت نوٹس لیا ہے، جہاں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) کے نوڈل افسر نے مذکورہ ورکر کے خلاف ایک نوٹس جاری کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جمعہ کو عمر عبد اللہ جو کہ گاندربل حلقے کے امیدوار ہیں۔ ان کو شیر پتھری علاقے میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرنا تھا مگر اس دوران عمر عبد اللہ کی موجودگی میں ہی پارٹی کے ایک سینئر ورکر اور سابقہ سرپنچ محمد اشرف گنائی تقریر کر رہے تھے، انہوں نے اپنے تقریر میں کہا کہ ''وہ پارٹی جھنڈے کے لئے جان دے بھی سکتے ہیں اور کسی کی جان لے بھی سکتے ہیں۔ اس تقریر کا ویڈیو فوری سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔''
اس حوالے سے نوڈل افسر ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) کمپلینٹ منیجمنٹ مشتاق احمد نے ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے محمد اشرف گنائی کے ایم سی سی کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کرنے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔
مذکورہ این سی ورکر کے اس اشتعال انگیز بیان پر پی ڈی پی نے این سی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ حلقے کے امید وار بشیر میر نے بھی محمد اشرف گنائی کے اس بیان پر افسوس ظاہر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشرف گنائی نے پارٹی کے نائب صدر کی موجودگی میں ایسا بیان دیا ہے جو سراسر غلط ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے اسے افسوسناک بیان قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس پارٹی، حلقے میں ہار کے ڈر سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔ اس لئے وہ اس طرح کے غیر مہذبانہ بیان دے رہے ہیں. دریں اثنا این سی کے عہدے داروں نے مذکورہ ورکر کے بیان کو غیر دانستہ طور پر دیا گیا بیان قرار دیا۔ حالانکہ اشرف گنائی کے الفاظ پر فوراً ہی عمر عبداللہ نے ان کو روک دیا تھا۔