بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے ہریوانی علاقہ میں جمعرات کے روز ایک دلخراش واقعہ پیش آیا۔ تیندوے نے آج شام ایک گھر سے پانچ سالہ بچی کی اٹھا کر نوالہ بنایا۔ مقتولہ کی لاش کو قریبی علاقے سے برآمد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ کمسن بچی جمعرات کی شام اپنے ہی گھر کے صحن سے لاپتہ ہوئی تھی۔لوگوں کے مطابق بچی کو ایک تیندوا اٹھا کر لے گیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بچی کے لاپتہ ہونے کے ساتھ ہی پولیس، محکمہ وائلڈ لائف، اور مقامی لوگوں نے اس حوالے سے لاپتہ لڑکی کی تلاش شروع کی،کچھ ہی دیر میں مذکوہ بچی کی لاش کو نزدیکی علاقہ سے برآمد کیا گیا۔مقتولہ کی شناخت طیبہ مشتاق دختر مشتاق احمد کے بطور ہوئی۔
مزید پڑھیں: بڈگام: 12 سالہ بچے کی بے مثال بہادری، تیندوے سے لڑ کر چھوٹے بھائی کو بچایا
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ کئی سالوں سے جنگلی جانوروں کا انسانی بستیوں کی جانب رخ کرنے کی خبریں سامنے آرہی ہیں جو اس بات کی غماز ہے کہ انسانوں اور جانوروں کے درمیان تصادم آرائی کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق جب کوئی جانور اپنے اعصابی توازن سے محروم ہوتا ہے تو وہ آدم خور بن جاتا ہے اور ایسے حالات میں متعلقہ محکمہ ہی اُس وقت ایسے جنگلی جانور کو ہلاک کرنے کا حکم صادر کر سکتا ہے۔