اننت ناگ (جموں کشمیر) : ضلع اننت ناگ کے شمسی پورہ، بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والا ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں فوت ہو گیا۔ متوفی نوجوان تین روز قبل ایک سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہو گیا تھا، جس کے بعد اسے نازک حالت میں سرینگر کے اسکمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں پر وہ تین روز تک زیر علاج رہا تاہم اتوار اور پیر کی درمیانی شب اس کی حالت مزید خراب ہوگئی اور اس نے ہسپتال میں ہی دم توڑ دیا۔
متوفی کی شناخت 35 سالہ سبزار احمد لون کے طور پر ہوئی ہے جو شمسی پورہ، اننت ناگ کا رہنے والا تھا۔ متوفی تین معصوم بچوں کا ولد ہے اور اس کے انتقال کے بعد علاقہ میں غم و ماتم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یاد رہے کہ لون اس وقت شدید زخمی ہوگیا تھا جب بائی پاس بجبہاڑہ پر نامعلوم گاڑی نے اسے ٹکر مار دی۔ اسے فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے نازک حالت میں SKIMS صورہ، سرینگر ریفر کر دیا گیا۔ جہاں تین روز تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکا۔
سبزار احمد کی جسد خاکی کو لوازمات کی تکمیل کے بعد آخری رسومات کے لیے قانونی ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ سبزار احمد کی میت اس کے شمسی پورہ، بجبہاڑہ پہنچاتے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔ اسے پر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا۔ مرحوم کے نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: بجبہاڑہ سڑک حادثے میں تین افراد زخمی