پیانگ یانگ: امریکہ کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں شمالی کوریا نے ’سپر لارج‘ کروز میزائل وار ہیڈ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ اسٹیٹ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے ایک ’سپر لارج وار ہیڈ‘ کا تجربہ کیا ہے، جسے اسٹریٹجک کروز میزائل کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ایک نئی قسم کا طیارہ شکن میزائل بھی لانچ کیا گیا۔ یہ تجربات گزشتہ روز کوریا کی مغربی ساحلی پٹی پر کیے گئے، سپر لارج وار ہیڈ کو Hwasal-1 Ra-3 اسٹریٹجک کروز میزائل کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جب کہ طیارہ شکن میزائل Pyoljji-1-2 ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ تصاویر میں دو میزائلوں کو ایک رن وے پر لانچر ٹرک سے فائر کرتے دکھایا گیا ہے۔ شمالی کوریا نے 2 فروری کو بھی اسی طرح کے تجربات کیے تھے لیکن اس وقت کروز میزائل یا طیارہ شکن میزائل کے نام نہیں بتائے تھے۔ واضح رہے کہ کوریائی جزیرہ نما پر برسوں سے جاری تناؤ اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے طاقت ور میزائلوں کے تجربات کے سلسلے کو تیز تر کر دیا ہے، جس کا مقصد امریکی سرزمین اور بحرالکاہل میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانا ہے۔
یو این آئی