سٹاک ہوم: مائیکرو آر این اے کی دریافت پر طب کا نوبل انعام امریکی سائنسدان وکٹر ایمبروز اور گیری رووکون کو دیا گیا ہے۔ نوبل اسمبلی نے کہا کہ ان کی دریافت حیاتیات کے ارتقاء اور کام کے طریقے کے لیے بنیادی طور پر اہم ثابت ہو رہی ہے۔
ایمبروز نے ہارورڈ یونیورسٹی میں یہ تحقیق کی تھی جس سے انہیں نوبل ایوارڈ سے نوازہ گیا ہے۔ وہ اس وقت یونیورسٹی آف میساچوسٹس میڈیکل اسکول میں نیچرل سائنسز کے پروفیسر ہیں۔ نوبل کمیٹی کے سیکرٹری جنرل تھامس پرلمین نے کہا کہ رووکون کی تحقیق میساچوسٹس جنرل اسپتال اور ہارورڈ میڈیکل اسکول میں کی گئی، جہاں وہ جینیات کے پروفیسر ہیں۔
پرلمین نے کہا کہ طب کے نوبل ایوارڈ کے اعلان سے کچھ دیر قبل انھوں نے رووکون سے فون پر بات کی۔ پرلمین کا کہنا تھا کہ انہیں فون پر آنے میں کافی وقت لگا اور وہ بہت تھکے ہوئے دکھائی دے رہے تھے لیکن جب وہ سمجھ گئے کہ یہ سب کیا ہے تو وہ بہت پرجوش اور خوش تھے۔ پچھلے سال، فزیالوجی یا میڈیسن کا نوبل انعام ہنگری نژاد امریکی کیٹالین کریک اور امریکی ڈریو ویس مین کو ان ایجادات کے لیے دیا گیا تھا، جنہوں نے کووڈ 19 کے خلاف ایم آر این اے ویکسینز کی تخلیق کو قابل بنایا، جو وبائی مرض کو کم کرنے میں اہم ثابت ہوئی تھی۔
انعام یافتہ افراد کو 10 دسمبر کو نوبل کے انتقال کی برسی پر ہونے والی تقریبات میں اپنے ایوارڈز حاصل کرنے کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔
نوبل ایوارڈز میں 11 ملین سویڈش کرونر یعنی ایک ملین امریکی ڈالر کا نقد انعام ہے۔ فنڈز ایوارڈ کے بانی اور سویڈش موجد الفریڈ نوبل کی طرف سے چھوڑی گئی وصیت سے حاصل ہوتے ہیں۔ ان کا انتقال 1896 میں ہوا تھا۔ نوبل انعام زیادہ سے زیادہ تین فاتحین کو دیا جا سکتا ہے۔ انہیں انعامی رقم بانٹنی ہوگی۔ اس اعلان کے ساتھ ہی اس سال کے نوبل انعام کا سیزن شروع ہو گیا ہے۔ نوبل کا اعلان منگل کو فزکس، بدھ کو کیمسٹری اور جمعرات کو ادب کے لیے انعامات کے ساتھ جاری رہے گا۔ نوبل امن انعام کا اعلان جمعہ کو کیا جائے گا اور اقتصادی سائنس کے نوبل میموریل انعام کا اعلان 14 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: