رملہ: غزہ میں بمباری کے ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسز کی جارحیت جاری ہے۔ محصور غزہ کی پٹی میں جہاں اسرائیل فضائی اور زمینی راستے سے فلسطینیوں پر حملہ آور ہے وہیں مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج فلسطینیوں پر چھاپے مار کر گرفتار کر رہی ہے۔
قطری نیوز چینل الجزیرہ نے رپورٹ کیا کہ فلسطینی قیدیوں کی سوسائٹی کے مطابق، اسرائیلی فورسز نے غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں اب تک 9,000 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کر چکی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تازہ ترین گرفتاریوں میں 20 فلسطینی شامل ہیں جنہیں گزشتہ رات سے چھاپوں میں گرفتار کیا گیا ہے۔
غزہ میں مجموعی ہلاکتیں:
وہیں غزہ وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد کم از کم 36,439 تک پہنچ گئی ہے۔ جس میں 15 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔
وزارت نے مزید بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں مزید 82,627 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ مزید ہزاروں افراد ملبے تلے لاپتہ ہیں اور قیاس کیا جا رہا ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ مقبوضہ مغربی کنارے میں تقریبا 523 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جس میں 132 بچے ہیں۔ جبکہ 5 ہزار سے زائد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
رفح سے دس لاکھ فلسطینیوں کی نقل مکانی:
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی (UNRWA) کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران سب سے محفوظ سمجھے جانے والے رفح سے بھی دس لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو نقل مکانی پر مجبور کردیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اسرائیل کی جانب سے 7 مئی کو رفح میں بھی جارحیت شروع کرنے سے پہلے 1.4 ملین سے زیادہ فلسطینی مصر کی سرحد کے قریب غزہ کے جنوبی شہر رفح میں پناہ لیے ہوئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر غزہ کے دوسرے حصوں سے رفح کی طرف پناہ لینے کے لیے بھاگے تھے۔