غزہ: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بدترین مظالم کا سلسلہ جاری ہے، شمالی غزہ کے ایک اسکول سے ہاتھ پاؤں بندھی 30 سے زائد لاشیں اجتماعی قبر سے برآمد کی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ نے فلسطینیوں کے قتل عام کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق شمالی غزہ کے اسکول سے 30 سے زیادہ لاشیں اجتماعی قبر سے برآمد کی گئی ہیں، لاشوں کی آنکھوں پر پٹیاں، ہاتھ پیر بندھے ہوئے تھے، ان تمام فلسطینیوں کو تشدد کرکے قتل کیا گیا تھا۔ فلسطینی وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیل غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، یہ تمام شواہد ثابت کرتے ہیں اسرائیل فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے رہائشی علاقوں میں بربریت کا سلسلہ جاری ہے، قابض فوج کی جانب سے الامل اسپتال پر فائرنگ اور گولہ باری سے ایک خاتون سمیت متعدد فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
اسرائیلی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 114 تک پہنچ گئی۔ صیہونی افواج نے اسپتال میں زخمیوں پر بھی رحم نہ کھایا اور طبی عملے کے بھیس میں اسپتال میں گھس کر فائرنگ کر کے 3 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ اسرائیل سے ملنے والی 100 نامعلوم فلسطینیوں کی لاشوں کی اجتماعی قبروں میں تدفین کر دی گئی ہے۔ (یو این آئی)
یہ بھی پڑھیں