سیڈون، لبنان: لبنان کے سرکاری میڈیا اور صحت کے حکام کے مطابق اتوار کے روز جنوبی لبنان میں لبنانی فوج کی چوکی کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں ایک کار میں سوار حزب اللہ کا ایک جنگجو اور دوسری میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
یہ حملہ غزہ میں جنگ کے پس منظر میں سرحد پر حزب اللہ کے ساتھ تقریباً تین ماہ سے جاری جھڑپوں کے بعد اسرائیل کی لبنان میں ٹارگٹ کلنگ کی حکمت عملی کی طرف اشارہ کررہا ہے۔
حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ کفرہ قصبے میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں اس کا ایک رکن فدل شار ہلاک ہوا ہے۔ لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی کہ حملے میں زخمی ہونے والی ایک شہری خاتون سمر السید محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ وہیں، مقامی سول ڈیفنس اور اسپتال کے حکام نے بتایا کہ دیگر کئی افراد حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔ حزب اللہ نے اتوار کو بعد میں ایک بیان میں کہا کہ اس نے کفرا میں حملے اور دیگر لبنانی دیہاتوں اور شہریوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملوں کے جواب میں شمالی اسرائیل کے قصبے ایوییم پر حملہ کیا ہے۔
وہیں اسرائیل نے اس حملے پر کوئی خاص تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن اس بات کا اعتراف ضرور کیا کہ اس نے اتوار کے روز لبنان میں کئی مقامات پر حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیل کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے ایوییم میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا جس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
7 اکتوبر کو اسرائیل اور حماس کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے، حزب اللہ کی افواج سرحد پر اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ اگرچہ جھڑپیں پہلے سرحد سے چند کلومیٹر کے اندر ایک تنگ پٹی تک محدود تھیں، لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ اسرائیل حالیہ ہفتوں میں حزب اللہ اور اس کے اتحادی گروپوں کے اہم ارکان کی ٹارگٹ کلنگ کی حکمت عملی کی طرف بڑھ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بیروت میں ہوئے ایک حملے میں حماس کے نائب سیاسی سربراہ صالح عروری ہلاک
ہفتے کے روز، لبنان کے بندرگاہی شہر ٹائر کے قریب ایک اور حملے میں ایک کار میں سوار دو افراد ہلاک ہو گئے۔ 2 جنوری کو، بیروت کے ایک مضافاتی علاقے میں ایک مبینہ اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے نائب سربراہ صالح عروری ہلاک ہوے تھے۔ 2006 میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک ماہ کی جنگ کے بعد لبنان کے دارالحکومت میں ایسا پہلا حملہ تھا۔ اتوار کو ہدروج کے جنازے سے خطاب کرتے ہوئے، حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ حسین جیشی نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں 100 سے زائد دنوں میں بھی حماس کے خلاف فوجی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے جس کی تلافی کے لیے حماس کے کچھ ارکان کو قتل کر رہا ہے۔