دمشق: اسرائیل نے شام کے وسطی صوبے حمص کے مختلف علاقوں پر میزائل حملے کیے ہیں شامی وزارت دفاع نے کہا کہ یہ حملہ منگل کی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً ساڑھے بارہ بجے طرابلس کے شمالی لبنانی علاقے سے کیا گیا اس حملے میں حمص شہر اور اس کے اطراف میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا شام کے فضائی دفاع نے کئی میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا، جب کہ کچھ دوسرے القصیر دیہی علاقے میں گرے، جس سے علاقے میں آگ لگ گئی۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ حملے کے نتیجے میں حمص اور اس کے دیہی علاقوں میں نو دھماکے سنے گئے۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ حملے کی وجہ سے الحمرا اسٹریٹ پر ایک رہائشی عمارت گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ آبزرویٹری نے کہا کہ اسرائیل نے حمص کے مضافات میں لبنانی حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بھی گولہ باری کی۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے شام کے علاوہ لبنان پر بھی حملے جاری ہے۔ لبنان- اسرائیل سرحد پر 8 اکتوبر 2023 سے کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ لبنانی مسلح گروپ حزب اللہ کی جانب سے حماس کے حملے کی حمایت میں اسرائیل کی جانب درجنوں راکٹ داغے جانے پر کشیدگی منظر عام پر آئی ہے۔ اسرائیل نے جوابی کارروائی میں لبنان میں حملے کئے۔ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ میں اب تک لبنانی جانب سے 250 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: عراق اور شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیاوں کے 85 ٹھکانوں پر امریکہ کی بمباری
وہیں دوسری جانب امریکہ نے بھی عراق اور شام میں فضائی حملے کیے ہیں۔ امریکہ کی جانب سے حال ہی میں عراق اور شام میں جوابی کاروائی میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کے خلاف تقریبا 85 مقامات پر حملے کیے تھے۔ اور امریکہ کے یہ حملے ایران کے حمایت یافتہ عسکریت پسندوں کے 160 سے زیادہ مرتبہ امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے پر کیے گئے ہیں۔
یو این آئی مشمولات