راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر عمیر نیازی نے الیکشن میں دھاندلی پر کل پُرامن احتجاج کا اعلان کردیا اور کہا عوام کل دوپہر نکلیں اور پُرامن احتجاج کریں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹرعمیرنیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 50 سیٹوں والا کیسے اپنی جیت کا اعلان کر سکتا ہے، پی ٹی آئی مرکز، پنجاب اور خیبر پختون خواہ میں حکومت بنائے گی۔ بیرسٹر عمیر نیازی نے اعلان کیا کہ جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی وہاں عوام کل دوپہر نکلیں اور پُرامن احتجاج کریں۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ قوم کے مینڈیٹ کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے وہ نہیں ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ معیشت زمین بوس ہو چکی ہے ، تمام لوگ غور کریں ملکی معیشت کو استحکام کی ضرورت ہے۔ نواز شریف کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ نواز شریف کا ٹریک ریکارڈ ہے ہر بار ملک کو ڈیفالٹ کر کے گئے۔ اسی دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی سیٹیں ہماری اور ہماری سیٹیں ان کی ہیں، پارٹی جوائن کرنے کا فیصلہ جلد کریں گے اور پنجاب، کے پی اوروفاق میں حکومت بنائیں گے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ملک میں 8 فروری کو الیکشن کی تاریخ طےہوئی، الیکشن کمیشن نےیقین دہانی کرائی لیول پلیئنگ فیلڈ دیں گے لیکن پی ٹی آئی قیادت کیخلاف بوگس کیسز بنائے گئے، ہم نے تمام مشکلات کے باوجود الیکشن کیلئےجدوجہد جاری رکھی۔
یو این آئی