حیدرآباد : ایران کے شہر یزد میں بس المناک حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 35 زائرین جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے حادثہ کا شکار ہوکر الٹ گئی جس کے بعد بس کو آگ لگ گئی۔ بس میں 53 زائرین سوار تھے تاہم حادثہ میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ کی وجہ بس کا بریک فیل ہونا بتایا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں شیعوں کے قتل عام کے خلاف میرٹھ میں کینڈل مارچ - Protest Against Pakistan In Meerut
وہیں ایرانی میڈیا کے مطابق حادثہ کے بعد راحت و بچاؤ کاروائی کی گئی۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو بس سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔ بس میں 14 خواتین بھی سوار تھیں اور بس پاکستان کے لاڑکانہ سے روانہ ہوئی تھی جبکہ جاں بحق افراد میں بیشتر کا تعلق پاکستان کے لاڑکانہ، گھوٹکی اور سندھ کے دیگر شہروں سے ہے۔
ایران میں تعینات پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے بھی حادثہ کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے افراد خاندان کو یقین دلایا کہ جاں بحق افراد کی میتیں پاکستان بھیجنے کے انتظامات کئے جائیں گے۔ اس دوران پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی زائرین کی بس کو حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی۔