حیدرآباد (نیوز ڈیسک): ہندوستان اور پاکستان سمیت پورے بر صغیر میں برسات کے موسم کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس موسم میں مختلف نوعیت کی بیماریوں اور انفیکشن کا پھیلاؤ عام بات ہے۔ موسم باراں میں اکثر ہسپتالوں اور کلینک پر مریضوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ اگر ہم خود کو ان قطاروں میں کھڑا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ ہم اس موسم میں اپنی صحت اور قوت مدافعت کا خاص خیال رکھیں۔
اس کے لیے ہمیں اپنی خوراک میں قدرت کے خزانے سے ملنے والے پھلوں اور پھولوں کو خاص طور سے شامل کرنا ہوگا۔ طبی طور پر یہ بات ثابت ہے کہ ہماری صحت کے لیے پھلوں سے بہتر کوئی اور غذا نہیں ہے۔ جس سطح کی غذائیت، طاقت اور قوت مدافعت ہمیں پھلوں سے ملتی ہے، وہ کسی اور چیز سے نہیں ملتی۔ پیٹ اور ہاضمے کے لیے بھی پھلوں کا کوئی جواب نہیں۔ لیکن ہر پھل کی اپنی اپنی خصوصیت اور افادیت ہوتی ہے، نیز موسم کے اعتبار سے بھی پھلوں کی افادیت مختلف ہوتی ہے۔
خاص طور سے برسات کے موسم میں اگر ہم اپنے کھانے میں آلوبخارے کو شامل کرتے ہیں تو کسی حد تک اس موسمی پھل کے ذریعے انفکشن اور بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ آلو بخارہ ذائقہ میں میٹھا اور کھٹا ہوتا ہے۔ آلو بخارہ دراصل موسم باراں کا پھل ہے اور اس موسم میں جسم کے لیے درکار تمام ضروری غذائی اجزا، معدنیات اور وٹامنز اس میں وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
ہیلتھ لائن کی رپورٹ کے مطابق آلو بخارہ کو وٹامن سی کا بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے، جو کہ قوت مدافعت بڑھانے اور کئی اقسام کے انفیکشن سے تحفظ فراہم کرنے میں کارگر ثابت ہوتا ہے۔ اس پھل میں بہت سے طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں، جو کئی دائمی بیماریوں کے خطرے کو کم کر سکتے ہیں۔ آلو بخارے کا استعمال کرکے بھی آپ اپنی صحت بہتر بنا سکتے ہیں۔
آلو بخارہ غذائی ریشہ سے بھرپور ہوتا ہے جن میں سوربیٹول اور آئسٹین نمایاں طور پر پائے جاتے ہیں۔ خاص طور پر اس کے ریشے جسم پیٹ اور ہاضمے کے لیے بھی بہت مفید ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ یہ پھل خوبصورتی اور جلد میں نکھار پیدا کرتا ہے۔ یہ مختلف قسم کے لذیذ پکوان بنانے میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ اس پھل کو کھانے سے جسم کیسے فٹ رہتا ہے۔
اس کی مدد سے ہڈیوں کو صحت مند اور مضبوط رکھنے میں خاص طور سے مدد ملے گی۔ ہڈیوں کے لیے ضروری کئی غذائی اجزا اس میں شامل ہوتے ہیں۔
آلو بخارے (پلم فروٹ) میں کیلوریز دیگر پھلوں کے مقابلے بہت کم پائی جاتی ہیں۔ 100 گرام آلو بخارے میں تقریباً 46 فیصد کیلوریز ہوتی ہیں۔ اس وجہ سے یہ آپ کے وزن کو کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ہے۔
- خشک آلو بخارہ کھانے سے عمر کم نظر آتی ہے۔ اس پھل میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس بڑھاپے کی علامات کو کم کرتے ہیں۔
- اس کی وجہ سے بلڈ شوگر لیول بڑھنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
- اس پھل میں بہت زیادہ فائبر ہوتا ہے جو ہاضمے کے لیے اچھا ہے۔
- آلو بخارے میں وٹامن بی اور سی بھی ہوتا ہے جو بالوں کو گرنے سے روکتا ہے اور جلد کی چمک میں اضافہ کرتا ہے۔
- یہ کولیسٹرول کی سطح کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔
مزید پڑھیں:اگر آپ بھی ٹھنڈا اور گرم پانی ملا کر پیتے ہیں تو یہ غلطی آج ہی سے چھوڑ دیں
یادداشت کیلئے مفید:
بچے ہوں یا بڑے بہت سے لوگ کمزور یادداشت کی شکایت کرتے ہیں۔ کچھ بچے ایسے ہوتے ہیں جن کے والدین کو ہمیشہ یہ شکایت رہتی ہے کہ انہیں پڑھایا گیا سبق یاد نہیں رہتا۔ اسی طرح بزرگوں کو بھی یادداشت کی کمی سے متعلق مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔ ایسی پریشانی میں آلو بخارے کے استعمال سے بہت اچھے نتائج سامنے آتے ہیں۔