امپھال: منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ نے بدھ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ریاست کا دورہ کریں یا نہ کریں، کوئی مسئلہ نہیں ہے، کیونکہ ان کی حکومت چوبیس گھنٹے ان کے ساتھ رابطے میں ہے۔ سنگھ کا یہ بیان لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے منی پور کے دورہ کے دو دن بعد آیا۔ کانگریس رہنما و لیڈر آف اپوزیشن راہل گاندھی نے وزیراعظم مودی سے نسلی تنازعہ سے متاثرہ ریاست کا دورہ کرکے لوگوں کو کچھ تسلی دینے کی درخواست کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ریاستی بی جے پی کی توسیعی ایگزیکٹو میٹنگ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ"یہ وزیر اعظم کے ریاست کا دورہ کرنے یا نہ کرنے کا سوال نہیں ہے۔ وزیر اعظم کا آنا حالات پر منحصر ہے"۔ سنگھ نے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ ’’صورتحال‘‘ سے ان کا کیا مطلب ہے۔ "ہم ان کے ساتھ 24/7 رابطہ برقرار رکھے ہوئے ہیں اور ان کی رہنمائی میں کام کر رہے ہیں۔ تمام امدادی کام، حفاظتی اقدامات، خوراک اور طبی انتظامات وزیر اعظم کے مشورے اور رضامندی کے بعد کیے جا رہے ہیں"۔ این بیرن سنگھ نے کہا کہ "دونوں برادریوں کے درمیان مفاہمت کی کوششیں جاری ہیں۔ ہمیں مسائل کو حل کرنا ہے"۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں حالیہ سیلاب بی جے پی کے اجلاس میں زیر بحث مسائل میں شامل تھا۔
واضح رہے کہ شمال مشرقی ریاست میں میتی اور کوکی برادریوں کے درمیان نسلی تشدد میں گزشتہ سال مئی سے اب تک 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تشدد کے دوران سرکاری و عوامی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ اسی دوران ایک خاتون کو برہنہ پریڈ کروائی گئی۔ ان سب حالات کے بیچ وزیراعظم مودی نے ریاست کا دورہ نہیں کیا۔ جس پر اپوزیشن بالخصوص کانگریس مودی پر سخت نکتہ چینی کررہی ہے۔ لوک سبھا میں اس مسئلہ کو زور و شور سے اٹھایا گیا۔