دہرادون: اتراکھنڈ میں لیو ان پارٹنرز کو خود کو ضلعی عہدیداروں کے پاس رجسٹر کرانا ہوگا۔ ایسے نہیں کرنے پر ریاست کے یکساں سول کوڈ کے تحت قید کی سزا بھگتنی ہوگی۔ یکساں سول کوڈ (یو سی سی) اتراکھنڈ، 2024 بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی بچے کو جو لیو ان ریلیشن شپ سے پیدا ہوا ہے اسے جائز بچہ سمجھا جائے گا۔
منگل کو وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی کے ذریعہ ایوان میں پیش کیے گئے بل میں اس بات پر خاص زور دیا گیا ہے کہ ریاستی یا غیر ریاستی تمام لیو ان ریلیشن شپ جوڑے اپنے تعلقات کی جانکاری رجسٹر کرانے کے پابند ہوں گے۔ لیو اِن تعلقات کے لیے جوڑے کا بالغ ہونا ضروری ہو گا، اگر دونوں میں سے ایک بھی نابالغ ہوا تو رجسٹر نہیں کیا جائے گا۔ اگر لیو ان پارٹنرز میں سے کسی کی عمر 21 سال سے کم ہے تو رجسٹرار ان کے والدین یا سرپرستوں کو بل کے مطابق مطلع کرے گا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ ایک ماہ سے زیادہ ساتھ میں رہنے کے باوجود اگر رجسٹر نہیں کراتے ہیں تو، جوڑے کو تین ماہ تک قید یا 10,000 روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔
کسی بھی ایسے شخص پر تین ماہ تک کی قید کے علاوہ زیادہ جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جو رجسٹرار کو لیو ان ریلیشن شپ کے بارے میں غلط معلومات فراہم کرتا ہے۔
بل میں کہا گیا ہے کہ اگر لیو ان ریلیشن شپ میں رہنے والی کسی عورت کو اس کا ساتھی چھوڑ دیتا ہے تو وہ عورت اس سے کفالت کا دعویٰ کرنے کی حقدار ہو گی جس کے لیے وہ ایک مجاز عدالت سے رجوع کر سکتی ہے جس کے دائرہ اختیار میں اس جگہ کا اختیار ہے جہاں وہ آخری مرتبہ ساتھ رہے تھے۔
اس بل میں درج فہرست قبائل کو چھوڑ کر اتراکھنڈ میں تمام شہریوں کے لیے ان کے مذہب سے قطع نظر شادی، طلاق، زمین، جائیداد اور وراثت پر ایک مشترکہ قانون تجویز کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: