نئی دہلی: ایک بڑے حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 20 مئی کو آذربائیجان کی سرحد کے قریب ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ صدر رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت کئی اعلیٰ عہدے دار اس المناک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
اس واقعے کے فوراً بعد بھارت نے ایران اور صدر کے خاندان کے ساتھ دکھ کی گھڑی میں تعزیت کا اظہار کیا۔ ایرانی صدر رئیسی کے انتقال کے بعد ملک میں ایک دن کا قومی سوگ بھی منانے کا اعلان کردیا۔ قومی سوگ کے ایک حصے کے طور پر راشٹرپتی بھون میں قومی پرچم کو نصف مقام پر ہی لہرایا گیا۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ مرحوم معززین کے احترام کے میں حکومت ہند نے فیصلہ کیا ہے کہ 21 مئی (منگل) کو پورے بھارت میں ایک دن کا سرکاری سوگ منایا جائے گا۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ یوم سوگ پر بھارت میں ان تمام عمارتوں پر قومی پرچم نصف سرنگوں کیا جائے گا جہاں قومی پرچم باقاعدگی سے لہرایا جاتا ہے اور اس دن کوئی سرکاری تفریح نہیں ہوگی‘‘۔
اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ایک مہلک ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں، پی ایم مودی نے بھارت ایران دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں رئیسی کے تعاون کو تسلیم کیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایرانی صدر 19 مئی کو آذربائیجان کے دورے سے واپس آ رہے تھے کہ تبریز شہر میں ان کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ جس میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان، ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی، اور مشرقی آذربائیجان میں رہبر معظم، انقلاب اسلامی کے نمائندے آیت اللہ محمد علی الہاشم سمیت کئی دیگر افراد جاں بحق ہوگئے۔