حیدرآباد: ای ٹی وی بھارت کے خصوصی پروگرام رونقِ رمضان میں مفتی سید بہاء الدین نقشبندی صاحب نے تقویٰ کے عنوان پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ حضورﷺ اور صحابہ کرام رمضان کا اہتمام جس طرح سے کرتے تھے اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ میں ہم کو اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنا چاہئے کیونکہ اس ماہ میں ایک فرض کا ثواب ستر گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ اس ماہ میں ہم کو اللہ کا قرب حاصل کرنا چاہئے اگر ہم یہ جان لیں کہ اللہ ہم کو دیکھ رہا ہے تو پھر ہم سے گناہ سرزد نہیں ہوں گے۔
تقویٰ کا مطلب اللہ تعالیٰ نے جن چیزوں سے منع کیا اس میں بندہ مشغول نہ ہو جائے اور جن چیزوں کے کرنے کا حکم دیا اس میں غفلت نہ کرے۔ مفتی سید بہاء الدین نقشبندی صاحب نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ تم خیر کرو ہم تم کو اس کا اجر عطا کریں گے۔ اس ماہ میں ایک نیکی کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب ستر فرائض کے برابر ہو جاتا ہے۔ اس ماہ میں جب ایمان اور احتساب کی شرط کے ساتھ روزہ رکھا جاتا ہے تو اس کی برکت سے پچھلی زندگی کے تمام صغیرہ گناہ معاف ہو جاتے ہیں اور جب رات کو تراویح کا قیام کیا جاتا ہے تو اس سے بھی گزشتہ تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
رونقِ رمضان: رمضان میں مسکینوں کا حق
رمضان میں زکوٰۃ کی اہمیت