امیٹھی: اتر پردیش کانگریس کے ایک رہنما نے بدھ کو کہا کہ پارٹی رہنما و کیرالہ کے وائیناڈ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی امیٹھی سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گے۔ راہل گاندھی اترپردیش کے امیٹھی کی 2002 سے کئی بار نمائندگی کر چکے ہیں۔ دہلی میں ایک میٹنگ کے بعد واپس آنے والے ضلع صدر پردیپ سنگھل نے کہا کہ راہل گاندھی امیٹھی سے پارٹی کے امیدوار ہوں گے اور ان کے نام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
کانگریس کے سابق صدر گاندھی نے 2002 سے 2019 تک پارلیمنٹ میں امیٹھی کی نمائندگی کی تھی۔ سنہ 2019 کے عام انتخابات میں کانگریس کے رہنما راہل گاندھی بی جے پی کی اسمرتی ایرانی سے شکست کھا گئے تھے۔ اب وہ کیرالہ کے وایناڈ سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
- کانگریس کے 10 نکاتی انتخابی وعدوں کا اعلان متوقع
- مودی کی نیت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی نہیں، راہل
- ملک میں نفرت پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ سماجی و اقتصادی ناانصافی ہے: راہل گاندھی
واضح رہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے سبھی سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ پارٹیوں کی جانب سے امیدواروں کے اعلان کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ بی جے پی نے 195 نشستوں پر اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ وہیں دوسری جانب کانگریس نے بھی انڈیا الائنس کے تحت نشستوں کی تقسیم اور دیگر امور پر فیصلہ کرنا شروع کردیا ہے۔ راہل گاندھی ریاست مدھیہ پردیش میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران کانگریس کے 10 نکاتی انتخابی وعدوں کا اعلان کریں گے۔