رامپور: فلم اداکارہ اور ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور کی سابق رکن پارلیمنٹ جیا پردا پیر کو ایم پی-ایم ایل اے کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئیں۔ جیا پردا کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے دو معاملے درج تھے۔ اس تعلق سے وہ کبھی بھی عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئیں۔ جس کے بعد عدالت نے ان کے خلاف سات مرتبہ غیر ضمانتی وارنٹ بھی جاری کیا۔
اس کے بعد بھی جب جیا پردا عدالت میں حاضر نہیں ہوئیں تو عدالت نے جیا پردا کو مفرور قرار دے دیا اور رامپور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو خط لکھا گیا کہ جیا پردا کو 6 مارچ تک تلاش کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ لیکن آج ہی جیا پردا اپنے کئی وکیلوں کے ساتھ خفیہ طور پر ایم پی-ایم ایل اے کورٹ پہنچ گئیں۔
جیا پردا کے وکیل سندیپ سکسینہ نے بتایا کہ ان کے خلاف دو کیس ہیں، ایک کیمری پولیس اسٹیشن سے اور ایک سوار تھانے سے۔ لیکن جیا پردا اپنی خراب صحت کی وجہ سے عدالت میں حاضر نہیں ہو سکیں۔ عدالتی کارروائی کے مطابق ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہے۔ جس کی وجہ سے آج انہوں نے عدالت میں غیر ضمانتی وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست پیش کی ہے۔
عدالت نے جیا پردا کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے چند شرائط کے ساتھ ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے 20,000 روپے کا نیا ضمانتی بانڈ جاری کرکے انھیں ہر عدالتی تاریخ پر حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔
عدالت سے باہر آنے کے بعد جیا پردا نے عدالت اور رام پور کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عدالت نے مجھے راحت دی ہے۔ میں دو مرتبہ رامپور کی اس سرزمین میں سے رکن پارلیمنٹ رہی ہوں۔ یہاں کی عوام نے مجھ سے بہت پیار کیا۔ یہ معاملہ ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ اس لیے میں اس کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتی ہوں۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ عدالت میں پیش کیوں نہیں ہو رہی تھیں، تو اس پر انھوں نے کہا کہ میری طبیعت ناساز تھی، اس لیے میں پیش نہیں ہوسکی۔ میں نے ہمیشہ عدالت کا احترام کیا ہے۔ میں کبھی قانون سے نہیں بھاگی اور میں آنے والے دنوں میں بھی یہاں آتی رہوں گی۔ الیکشن لڑنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پارٹی نے جو بھی فیصلہ کرے ہم اس پر عمل کریں گے۔ میں ہمیشہ انتخابی مہم کے لیے رامپور آتی ہوں۔
دراصل جیا پردا کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے دو کیس سال 2019 میں زیر سماعت ہیں۔ جیا پردا نے 19 اپریل 2019 کو رام پور ضلع کے سوار تھانہ علاقے کے نور پور گاؤں میں ایک سڑک کا افتتاح کیا تھا، جس کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔ اس کی بنیاد پر سوار فلائنگ اسکواڈ ٹیم کے مجسٹریٹ ڈاکٹر نیرج کمار نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا تھا اور دوسرا مقدمہ کیمری پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔ جیا پردا کے دونوں معاملوں کی سماعت ایم پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت میں چل رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 61 سالہ جیا پردا نے تیلگو اور ہندی فلموں میں کام کیا ہے۔ کچھ مشہور فلمیں جیسے شرابی، آج کا ارجن، گھر گھر کی کہانی، ماں، تحفہ، گنگا جمنا سرسوتی، آخری راستہ اور سری سری میوہ میں وہ کام کر چکی ہیں۔ اداکارہ نے تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) میں شمولیت اختیار کی تھی اور پھر بی جے پی میں شامل ہوگئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: مفرور قرار دی گئی جیا پردا کو ہائی کورٹ سے بھی راحت نہیں ملی