پیر کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں تقریباً 57.44 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ مغربی بنگال میں سب سے زیادہ 73 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی جب کہ مہاراشٹر میں، ممبئی کی چھ سیٹوں پر کم ووٹنگ کی وجہ سے سب سے کم 48.88 فیصد ووٹنگ ٹرن آؤٹ رہا۔ اوڈیشہ میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 60.70 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
اس سے قبل لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل 66.14 فیصد ووٹنگ درج کی گئی تھی جبکہ دوسرے مرحلے میں کل 66.71 فیصد ووٹنگ، تیسرے مرحلے میں کل 65.68 فیصد ووٹنگ اور چوتھے مرحلے میں 66 فیصد پولنگ درج کی گئی تھی۔ لوک سبھا انتخابات سات مرحلوں پر مشتمل ہے۔ پانچ مرحلے مکمل ہونے کے بعد اب چھٹا مرحلہ 25 مئی کو ہے اور ساتواں مرحلہ یکم جون کو ہے۔ لوک سبھا انتخابات 2024 کے نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔