نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پیر کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔ دہلی ایکسائز پالیسی اسکیم معاملے سے منسلک منی لانڈرنگ کی مبینہ تحقیقات کے سلسلے میں آج کیجریوال کو پیش ہونا تھا لیکن عام آدمی پارٹی نے ایک بار پھر ان کے پیش نہ ہونے کی تصدیق کی۔
عآپ نے مزید کہا کہ ایجنسی کو بار بار سمن جاری کرنے کے بجائے عدالتی حکم کا انتظار کرنا چاہیے۔ ریکارڈ کے مطابق، یہ ساتویں بار تھا جب کیجریوال نے ای ڈی کے سمن کو نظر انداز کیا اور انہیں "غیر قانونی" قرار دیا۔ عآپ کے قومی کنوینر کیجریوال نے بھی ای ڈی کو خط لکھ کر سمن واپس لینے کی درخواست کی تھی۔
ایجنسی نے گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ کو ساتواں سمن جاری کیا تھا، جس میں انہیں پوچھ گچھ کے لیے اس کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا تھا۔ ایک بیان میں پارٹی نے تصدیق کی کہ کیجریوال ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔ پارٹی ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ وہ 'انڈیا' اتحاد کو نہیں چھوڑیں گے۔ اس لیے مودی حکومت کو اس طرح کا دباؤ نہیں بنانا چاہیے۔
اس سے قبل عام آدمی پارٹی کے رہنما سوربھ بھاردواج پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اب یہ معاملہ عدالت کے زیر غور ہے۔ عدالت میں 16 مارچ کو سماعت ہونے والی ہے، ایسے میں ای ڈی کی طرف سے بھیجے گئے سمن کا کوئی مطلب نہیں ہے۔
دہلی کی ایک عدالت میں ای ڈی کے سمن کی درستگی کا معاملہ زیر سماعت ہے اور اس معاملے اگلی شنوائی 16 مارچ کو ہونے والی ہے۔ ای ڈی نے ساتواں سمن جاری کرتے ہوئے اس دلیل کو مسترد کر دیا تھا کہ مقامی عدالت میں معاملہ زیر سماعت ہونے کی وجہ سے کیجریوال کی حاضری کے لیے نیا نوٹس غلط تھا تھا۔ (ایجنسی کی معلومات کے ساتھ)
یہ بھی پڑھیں: