مہندر گڑھ: ہریانہ میں مہندر گڑھ کے کنینا علاقے میں جمعرات کو ایک اسکول بس کے درخت سے ٹکرانے سے سات بچوں کی موت ہو گئی اور 20 دیگر زخمی ہو گئے۔ صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
محترمہ مرمو نے 'ایکس' پر کہاکہ "ہریانہ کے مہندر گڑھ ضلع میں اسکول بس کے حادثے میں کئی معصوم بچوں کی موت کی خبر دل کو دہلا دینے والی ہے۔ ایشور سوگوار والدین اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ میں زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔‘‘
مودی نے 'ایکس پر کہاکہ ''ہریانہ کے مہندر گڑھ میں جو بس حادثہ ہوا وہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ میری تعزیت ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اس حادثے میں اپنے بچوں کو کھو دیا ہے۔ اس کے ساتھ میں تمام زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ "ریاستی حکومت کی نگرانی میں، مقامی انتظامیہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔"
ہریانہ کے مہندر گڑھ ضلع میں جمعرات کو اسکول بس کے حادثے میں سات بچوں کی موت ہو گئی۔ ان میں سے چار بچے ایک ہی گاؤں کے تھے۔ ان میں سے دو حقیقی بھائی تھے۔ چاروں بچوں کی لاشیں ایک ساتھ گاؤں پہنچیں تو پورا علاقہ دھاڑیں مار مار کر رونے لگا۔
یواین آئی۔