پریاگ راج: معروف اداکارہ اور سابق رکن پارلیمنٹ جیا پردا نے رامپور کی خصوصی عدالت کے حکم کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ لیکن ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت کو حکم کو چیلنج کرنے والی ان کی درخواست کو مسترد کر دیا اور ایس پی رام پور کو حکم دیا کہ وہ جیا پردا کو ایک ماہ کے اندر خصوصی عدالت میں پیش کریں۔
درحقیقت، بار بار غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے کے باوجود عدالت میں حاضر نہ ہونے پر ایم پی ایم ایل اے کورٹ نے جیا پردا کو مفرور قرار دے دیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ایک ٹیم بنانے اور فلم اداکارہ کو تلاش کرکے حاضر کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سے پہلے رام پور ایس پی کی ٹیم جیا پردا کی دہلی اور ممبئی میں کئی مقامات پر تلاشی لے چکی ہے لیکن ان کا کوئی سراغ نہیں مل پا رہا ہے۔
دراصل جیا پردا کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے دو کیس سال 2019 میں زیر سماعت ہیں۔ جیا پردا نے 19 اپریل 2019 کو رام پور ضلع کے سوار تھانہ علاقے کے نور پور گاؤں میں ایک سڑک کا افتتاح کیا تھا، جس کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔ اس کی بنیاد پر سوار فلائنگ اسکواڈ ٹیم کے مجسٹریٹ ڈاکٹر نیرج کمار نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا تھا اور دوسرا مقدمہ کیمری پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔ جیا پردا کے دونوں معاملوں کی سماعت ایم پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت میں چل رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 61 سالہ جیا پردا نے تیلگو اور ہندی فلموں میں کام کیا ہے۔ کچھ مشہور فلمیں جیسے شرابی، آج کا ارجن، گھر گھر کی کہانی، ماں، تحفہ، گنگا جمنا سرسوتی، آخری راستہ اور سری سری میوہ میں وہ کام کر چکی ہیں۔ اداکارہ نے تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) میں شمولیت اختیار کی تھی اور پھر بی جے پی میں شامل ہوگئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ جیا پردا مفرور قرار، پولیس ڈھونڈ کر عدالت میں پیش کرے