نئی دہلی: عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے دارالحکومت میں اتحاد کے تحت شیٹ شیئرنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں پارٹیوں کے سینئر لیڈران نے دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں مشترکہ طور پر شیٹ شیئرنگ کے بارے میں مکمل معلومات دینے کے لیے پریس کانفرنس کی۔ دہلی، گجرات، ہریانہ، چندی گڑھ اور گوا میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس پارٹی اتحاد کے تحت الیکشن لڑیں گی۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ مکل واسنک نے پریس کانفرنس میں جانکاری دی کہ، "دہلی لوک سبھا کی سات سیٹیں ہیں۔ عاپ چار پر مقابلہ کرے گی۔ عاپ جن سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی اس میں نئی دہلی، مغربی دہلی، جنوبی دہلی اور مشرقی دہلی سیٹیں ہیں۔ جبکہ کانگریس چاندنی چوک، شمال مشرقی اور شمال مغرب اس طرح تین سیٹوں سے مقابلہ کرے گی۔"
کانگریس کے جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ مکل واسنک کا کہنا ہے کہ، "گجرات میں لوک سبھا کی 26 سیٹیں ہیں۔ کانگریس 24 پر مقابلہ کرے گی اور عام آدمی پارٹی 2 سیٹوں پر امیدوار اتارے گی۔ عام آدمی پارٹی کو بھروچ اور بھاو نگر لوک سبھا سیٹ دیئے گئے ہیں۔
ہریانہ میں لوک سبھا کی 10 سیٹوں میں سے کانگریس 9 اور عاپ ایک (کروکشیتر) پر مقابلہ کرے گی۔ چنڈی گڑھ میں کانگریس واحد سیٹ پر مقابلہ کرے گی۔ گوا میں کانگریس دونوں سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔
اس سے پہلے جمعہ کو تینوں لیڈروں نے بتایا تھا کہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کو لے کر بات چیت ہوئی ہے۔ اس کا باقاعدہ اعلان بھی بہت جلد کر دیا جائے گا۔ اس دوران اتحاد کے لیے کانگریس کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی کے چیئرمین مکل واسنک، دہلی کے ریاستی صدر ارویندر سنگھ لولی اور پارٹی کے دہلی-ہریانہ انچارج دیپک بابریہ بھی موجود رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: