اندور: آئی آئی ٹی اندور اپنی اختراعی صلاحیتوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ اس مرتبہ آئی آئی ٹی اندور نے ٹکنالوجی کو ایک نئی جہد دی ہے۔ خصوصی ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ہائی ٹیک جوتے تیار کیے ہیں۔ آئی آئی اندور کی یہ ایجاد ملک کی فوج کے لیے کافی مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔ ان ہائی ٹیک جوتوں کو پہن کر چلنے سے بجلی پیدا ہوگی اور فوجیوں کی لوکیشن کا بھی پتہ چل سکے گا۔ آئی آئی ٹی اندور نے اس خصوصی تکنیکی جوتوں کے 10 جوڑوں کی پہلی کھیپ ڈی آر ڈی او کو سونپ دی ہے۔
یہ جوتے آئی آئی ٹی اندور کے پروفیسر آئی اے پلانی کی رہنمائی میں تیار کیے گئے ہیں۔ یہ جوتے نئی ٹرائبو الیکٹرک نینو جنریٹر (Tribo-Electric Nanogenerator- TENG) ٹیکنالوجی کے ساتھ بنائے گئے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ جب فوجی یہ جوتے پہن کر چلیں گے تو ہر قدم پر بجلی پیدا ہوگی۔ پروفیسر آئی اے پلانی نے بتایا کہ یہ بجلی جوتوں کے تلووں میں نصب ایک ڈیوائس میں جمع کی جائے گی جس کی مدد سے چھوٹے آلات کو چلایا جا سکے گا۔
فوجیوں کا لوکیشن پتہ چل جائے گا:
پروفیسر آئی اے پلانی کے مطابق ان جوتوں میں ٹریکنگ ٹیکنالوجی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ جس میں 50 میٹر کی رینج کے ساتھ RFID (ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹیفیکیشن) اور درست لائیو لوکیشن ٹریکنگ کے لیے سیٹلائٹ پر مبنی جی پی ایس ماڈیول شامل ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ فوجیوں کے مقام کا بھی حقیقی وقت میں پتہ لگایا جا سکتا ہے۔