واشنگٹن: امریکی فضائیہ نے اگلے پانچ سالوں میں کم از کم 1000 بغیر پائلٹ چھوٹے لڑاکا طیاروں کو سروس میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جن میں سے بہت سے مصنوعی ذہانت (اے آئی ) ٹیکنالوجیز کی بدولت خود کار طور پر کام کر سکتے ہیں۔ وال اسٹریٹ جرنل نے یہ اطلاع دی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے بغیر پائلٹ لڑاکا طیاروں کو ایف-35 لڑاکا طیاروں یا بی- 21 بمبار سمیت انسان بردار طیاروں کا ساتھ دینے اور ان کی حفاظت کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔ اخبار نے بتایا کہ وہ دوسرے طیاروں اور زمینی اہداف پر حملہ کرنے کے لیے اپنے ہتھیار بھی لے جانے کے اہل ہوں گے اور انہیں جاسوس طیاروں اور مواصلاتی مرکز کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خصوصی سافٹ ویئر طیاروں کو خود کار طور پر پرواز کرنے اور بدلتے ہوئے جنگی حالات کے مطابق ڈھالنے کی اجازت دے گا۔ بغیر پائلٹ کے جنگی پروگرام کا بجٹ 6 ارب ڈالر ہے، جس میں بوئنگ، لاک ہیڈ مارٹن، نارتھروپ گرومن، جنرل ایٹمکس اور اینڈوریل انڈسٹریز اپنے پروٹو ٹائپ تیار کر رہے ہیں۔