کولکاتا:مغربی بنگال میں دن دیہاڑے ایک جوڑے کی سرعام پٹائی کرنے کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے۔ اس واقعہ نے حکمراں ترنمول کانگریس کو نشانہ بنایا ہے کیونکہ حملہ کرنے والے شخص کی شناخت ترنمول کانگریس کے کارکن کے طور پر کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کلپ میں حملے کی قیادت کرنے والے شخص کی شناخت تجمل عرف 'جے سی بی' کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے اس معاملے میں گرفتار ملزم تجیم الاسلام کے خلاف کئی سنگین مقدمات درج کر لیے ہیں۔ اس کے خلاف قتل کی کوشش، خاتون کی عزت کو مجروح کرنے کے ارادے سے حملہ کرنے اور اسے شدید چوٹ پہنچانے سمیت کئی الزامات لگائے گئے ہیں۔ ایک سینئر پولیس افسر نے منگل کو یہ جانکاری دی۔
ذرائع کے مطابق پیر کو مغربی بنگال کے شمالی دیناج پور کی ایک مقامی عدالت نے اسلام کو پانچ دن کے لیے پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔اس کے خلاف قتل سمیت 12 پرانے مجرمانہ مقدمات بھی زیر التوا ہیں۔ اتوار کو ایک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اسے گرفتار کیا گیا تھااس میں اسے چوپڑا میں ایک جوڑے کو بے دردی سے مارتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
گورنر سی وی آنند بوس نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے رپورٹ طلب کی، جبکہ بی جے پی نے حکمراں ٹی ایم سی پر ریاست میں طالبانی حکومت متعارف کرانے کا الزام لگایا ہے۔