مرادآباد: مرادآباد کی کندرکی-29 اسمبلی نشست پر آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اسی دوران یہاں سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار حاجی رضوان نے ضلع انتظامیہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی پر الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ مسلم علاقوں کے بوتھوں پر ووٹرز کو روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے پولیس انتظامیہ پر بھی الزام عائد کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پرچیوں سے ووٹ نہیں ڈلوائے جا رہے ہیں بلکہ ایک خاص قسم کی پرچی سے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ پر کندر کی اسمبلی علاقے کے سبھی بوتھوں پر قبضہ کرنے کا بھی الزام لگایا اور ساتھ ہی کہا کہ یہ الیکشن پوری طرح لوٹ لیا گیا ہے۔ حاجی رضوان نے کہا کہ ان کا مقابلہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار سے نہیں بلکہ ضلع انتظامیہ ہی یہ چناؤ لڑا رہا ہے۔
دوسری طرف بھارتی جنتا پارٹی کے امیدوار ٹھاکر رام ویر سنگھ نے ان الزامات کو سرے سے خارج کر دیا اور انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے امیدوار اپنی ہار دیکھ رہے ہیں۔ اس لیے وہ اس طرح کے بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب حاجی رضوان رکن اسمبلی رہے تو اس دوران لاکھوں مقدمے مسلمانوں کے خلاف لکھے گئے اور آج وہی مسلمان ان سے بدلہ لے رہے ہیں اور ان کو اپنی ہار سامنے دکھ رہی ہے جس سے وہ گھبرا گئے ہیں