گیا:آج ضلع کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے احترام اور عقیدت میں یوم اساتذہ بڑے دھوم دھام سے منایا گیا۔ کئی اداروں میں تقریب منعقد ہوئی اور وہاں طالب علموں نے اپنے استاد کو تحفے پیش کر اپنی محبت کا اظہار کیا۔ آج یوم اساتذہ کے موقع پر مختلف تنظیموں کی طرف سے منعقدہ بڑی تقاریب کے دوران تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ایوارڈ اور اعزاز سے نوازا گیا ہے اس میں اسٹیٹ بینک اف انڈیا کی طرف سے ایک سرکاری اسکول کے اردو کے معلم محمد علی کو اعزاز بخشا گیا۔
جب کہ اردو کے فروغ اور ترویج و اشاعت کے لیے کام کرنے والے ایک بڑی تنظیم 'بزم قلم کار' کی طرف سے کئی اساتذہ کو اعزاز اور ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان میں نوشاد عالم انچارج ہیڈ ماسٹر پرائمری اسکول برہی بیگہا بیلا گنج گیا، شہاب اختر گریجویٹ ٹیچر مڈل اسکول ہریداس پور پریا، شبر زرین اسسٹنٹ ٹیچر اردو گرلز مڈل اسکول کریم گنج گیا، راجندر سنگھ چندرا ہیڈ ماسٹر مڈل اسکول دوبھل نگر بلاک گیا، مولانا محمد حذیفہ مینجنگ ڈائریکٹر مدرسہ جامعہ عربیہ تحفیظ القران بیدا کا نام قابل ذکر ہے۔
تقریب کے دوران ایوارڈ یافتہ اساتذہ کے تعارف کے ساتھ انکی خدمات اور محنتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ استاد وہ روشنی ہے جو علم کے چراغ سے زندگی کے اندھیروں کو دور کرتا۔ استاد کا احترام صرف یوم اساتذہ کے موقع پر ہی نہیں بلکہ ہمارے دلوں میں ہر دن ہو۔ کیونکہ زندگی کے ہر موڑ پر استاد کے بتائے ہوئے طریقے، علم اور معلومات سے ہم استفادہ کر سکتے ہیں۔ اگر استاد نے محنت نہ کی ہوتی تو آج ہم میں سے ہر کوئی تعلیم یافتہ نا کہلاتا، ان میں سے کئی استاد ایسے ہیں جنہوں نے غریب بچوں کی تعلیم کے لیے بے پناہ خدمات انجام دی ہیں۔