بستی: کنکشن صرف 1 کلو واٹ کا تھا اور بل 7.33 کروڑ روپے آیا۔ عجیب لگے گا لیکن اترپردیش کے بستی میں محکمہ بجلی نے ایک کسان کو کروڑوں روپے کا بل بھیج دیا۔ اتنا بڑا بل دیکھ کر وہ چونک گیا۔ متاثرہ نے اس کی شکایت محکمہ سے کی۔ مقامی لوگ یقین نہیں کر پا رہے ہیں کہ ایک غریب خاندان کا بل کروڑوں میں آ سکتا ہے۔ یہ واقعہ ہررائیہ سب سینٹر کے کیشو پور فیڈر کے تحت رامایا گاؤں کا ہے۔
ایک چھوٹے سے گھر میں رہنے والے مولھو نے صرف ایک کلو واٹ کا کنکشن لیا ہے۔ مولھو، رامایا گاؤں کا ایک کسان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے گذشتہ تین سال سے بل ادا نہیں کیا۔ ایک ماہ قبل انہیں تقریباً 75 ہزار روپے بقایاجات کا بل موصول ہوا تھا، لیکن تازہ طور پر انہیں 7 کروڑ روپئے کا بل ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا بل دیکھ کر وہ چونک گئے اور سمجھ نہیں آرہا تھا کہ اب کیا کروں۔ مولھو نے کہا کہ ان کے پاس اتنی جائیداد نہیں ہے جتنا انہیں بل موصول ہوا ہے۔