مرادآباد: اتر پردیش کے مرادآباد کے ایک مفتی نے نمازی بچوں کو مسجد میں بلا کر ان کے چہروں پر مسکراہٹ لانے اور اُنکے دلوں میں جذبہ ایمانی پیدا کرنے کی ایک کامیاب کوشش کی۔ مرادآباد کے قدیمی تحصیل اسکول علاقے میں واقع شیخ عبداللہ مسجد کے مفتی سمیع الدین نے ملت کے نو نہالوں میں ایمان کا جذبہ پیدا کرنے اور ان کو دین کی جانب راغب کرنے کی نیت سے ایک اچھی پہل کی ہے۔ مفتی صاحب نے اپنے علاقے کے ایسے تمام بچوں کو اپنی جانب سے انعام کے طور پر سائیکل سے نوازا جنہوں نے مسلسل 40 دن تک نمازوں کی پابندی کی۔
اس سے متعلق مزید جانکاری دیتے ہوئے مفتی سمیع الدین صاحب نے بتایا کہ کچھ وقت قبل اُن کے ذہن میں اس طرح کا خیال آیا تھا کہ جس طرح ہمارے بچے دنیاوی اعتبار سے آگے بڑھ رہے ہیں، اُسی طرح ان کو دین کی طرف راغب کرنے کے لئے کوئی کوشش کی جائے۔ اسی ضمن میں انہوں نے اپنے علاقے میں ایسے بچوں کو سائیکل کا انعام دینے کا وعدہ کیا جو بچے مسلسل 40 روز نماز پنج وقتہ کی پابندی کریں گے۔