کوچ بہار: مغربی بنگال کے کوچ بہار ضلع کے شیتل کوچی میں ترنمول پنچایت سربراہ انیمیش رائے کو گولی مار دی گئی۔ انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس واقعے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس نے پورے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ دیر رات شیتل کوچی میں ترنمول پنچایت کے سربراہ انیمیش رائے کو گولی مار دی گئی۔ وہ لالبازار گرام پنچایت کی ترنمول کانگریس کے سربراہ ہیں۔ لال بازار گرام پنچایت کے سربراہ انیمیش رائے جمعرات کی دیر رات گھر لوٹ رہے تھے۔ اس وقت ان پر گولیاں چلائی گئیں، ان کی ٹانگ میں گولی لگی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ پنچایت پردھان پر گولی کس نے چلائی۔ مقامی لوگوں نے انہیں بچایا اور شیتل کوچی پرائمری ہیلتھ سنٹر لے گئے۔ وہاں سے انہیں کوچ بہار ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وہ فی الحال کوچ بہار کے ایک پرائیویٹ نرسنگ ہوم میں زیر علاج ہیں۔