کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سمیت ریاست کے کئی اسکولوں سے بموں سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد کولکاتا پولیس نے بڑے پیمانے پر تفتیش شروع کردی ہے۔ تاہم پولیس نے ابھی تک اس بارے میں باضابطہ طور پر کچھ اعلان نہیں کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک اسکرین شاٹ سے پتہ چلتا ہے کہ 'happyhotdog101' نامی ای میل آئی ڈی نے ریاست کے مختلف اسکولوں کو دھمکی آمیز خطوط بھیجے ہیں۔تاہم یواین آئی نے اس اسکرین شاٹ کی تصدیق نہیں کی ہے۔ جن اسکولوں کو دھمکی آمیز میل موصول ہوئے ہیں ان کی کل تعداد کے ساتھ ساتھ ضلع کے کون سے اسکول اس فہرست میں شامل ہیں، ابھی تک واضح نہیں ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق کلکتہ کے علاوہ سلی گوڑی کے کچھ اسکولوں کو بھی یہ ای میل موصول ہوئی ہے۔
ای میل میں لکھا ہےکہ یہ پیغام سب کے لیے ہے۔ کلاس روم کے باہر بم رکھے ہوئے ہیں۔ بم کل صبح اس وقت پھٹ جائیں گے جب بچے سکول میں ہوں گے۔ ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو خون کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔