علی گڑھ:علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سویم کوآرڈینیٹر پروفیسر عاصم ظفر نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ تعلیمی سال 2024-25 کے لیے سویم پلیٹ فارم پر 31 نئے کورسیز کا آغاز کیا ہے۔ نباتیات، کیمسٹری، طبیعیات، ریاضی، کمپیوٹر سائنس، وائلڈ لائف سائنسز، فارنسک میڈیسن، کامرس، اقتصادیات، انگریزی، جغرافیہ، پبلک ایڈمنسٹریشن، عمرانیات، سیاسیات، لائبریری و انفارمیشن سائنس، قانون، نفسیات، اردو، ہندی اور سنی دینیات کے ان کورسیز کو ملک بھر کے طلباء و طالبات کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا گیا ہے۔
مرکزی یونیورسٹیوں میں صرف بی ایچ یو اور اے ایم یو نے ہی ان کورسیز کو آن لائن شروع کرنے کے لئے پہل کی ہے جس میں اب تک اے ایم یو میں بیس ہزار سے زیادہ طلباء رجسٹریشن کر چکے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اپنی ضروریات اور دلچسپی کے مطابق مذکورہ آن لائن کورسیز میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ 22 جولائی سے شروع ہونے والے 31 کورسیز میں سے 28 کورسیز، بارہ ہفتوں کے دورانیہ کے لیے چلیں گے جبکہ تین کورسیز 8 ہفتوں میں ختم ہوں گے۔