نئی دہلی/غازی آباد: پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے کے بعد بھی اگر آپ کی فائل زیر التوا ہے تو یہ خبر آپ کے لیے اہم ہے۔ ریجنل پاسپورٹ آفس، غازی آباد کی جانب سے پاسپورٹ سے متعلق خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ اس مہم کا مقصد درخواست دہندگان کی پاسپورٹ سے متعلق زیر التواء فائلوں کو جلد نمٹانا ہے۔ اس مہم کا فائدہ اٹھا کر، آپ پاسپورٹ سے متعلق اپنی زیر التواء فائل کو بھی بغیر کسی ملاقات کے حل کروا سکتے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مہم کے تحت 27 فروری تا 6 مارچ صبح 9:30 بجے سے دوپہر 01:00 بجے تک آپ ریجنل پاسپورٹ آفس غازی آباد میں متعلقہ عہدیداروں سے مل کر اپنی زیر التواء فائلوں کو حل کروا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ریجنل پاسپورٹ آفس کی جانب سے درخواست گزاروں کو خطوط بھیج دیے گئے ہیں۔ خط کے ذریعے درخواست گزاروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ زیر التواء فائلوں کو نمٹائیں بصورت دیگر زیر التواء فائل بند ہوسکتی ہے۔ فائل بند ہونے کی صورت میں اس عمل کو نئے سرے سے شروع کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس عمل کو نئے سرے سے شروع کرنے کے لیے فیس ادا کرنی ہوگی۔