لکھنؤ: اتر پردیش کی دارالحکومت لکھنؤ میں ایک انوکھا چور ملا ہے۔ دراصل اتوار کو ایک چور صوبے کی راجدھانی میں ڈاکٹر کے گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہوا، گیزر، موٹر، اِنوَرٹر اور اس کی بیٹری کو کھولا اور پھر کچھ آرام کرنے کے لیے اے سی کو آن کر دیا۔ ہوا کچھ یوں کہ اس شدید گرمی میں ٹھنڈی ہوا کے جھونکے کے بعد چور گہری نیند میں سو گیا اور جب اس نے آنکھ کھولی تو پولیس کو اپنے سامنے پایا۔ پولیس اسے لاک اپ میں لے گئی۔ یہ پورا معاملہ لکھنؤ کے غازی پور تھانے کے تحت اندرا نگر کا ہے۔
ڈاکٹر سنیل پانڈے کا گھر اندرا نگر کے سیکٹر 20 میں ہے جو اکثر بند رہتا ہے۔ اتوار کی صبح اچانک ڈاکٹر کو پڑوسی کا فون آیا کہ ان کا گھر کھلا ہوا ہے۔ اندرا نگر کے ایک دوسرے گھر میں رہنے والے ڈاکٹر فوراً گھر پہنچے اور دیکھا کہ ایک شخص انکے ڈرائنگ روم میں سو رہا ہے۔ اس کے اردگرد موٹر، گیزر، اِنوَرٹر بیٹری سمیت کئی چیزیں بکھری پڑی ہیں۔