نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی کے بھجن پورہ علاقے میں وزارت دفاع کے ایک ریٹائرڈ افسر کے گھر میں لاکھوں کی چوری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ تاحال پولیس کو کوئی سراغ نہیں ملا۔ تفتیش کی جا رہی ہے۔
وزارت دفاع کے ایک ریٹائرڈ افسر ایم کے پنڈت شمال مشرقی دہلی کے بھجن پورہ تھانہ علاقے کے نارتھ گونڈا میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتے ہیں۔ ایم کے پنڈت نے پولیس کو بتایا کہ 29 مارچ کی صبح وہ اپنے خاندان کے ساتھ ہریدوار اور دہرادون کی سیر کرنے گئے تھے۔ اتوار کی صبح تقریباً 11 بجے گھر میں کام کرنے والی خاتون رانی نے اسے فون کیا اور بتایا کہ گھر کے دروازے کھلے ہیں اور تالا ٹوٹا ہوا ہے۔ ایس کے پنڈت نے اسی علاقے میں رہنے والی اپنی بیٹی کو فون کرکے اس کی اطلاع دی۔ بیٹی گھر پہنچی تو الماری کا لاکر ٹوٹا، 18 لاکھ روپے نقدی، 62 لاکھ روپے کے زیورات، 2 لاکھ روپے کی غیر ملکی گھڑیاں، فون اور دیگر قیمتی سامان غائب تھا۔