لکھنؤ: اتر پردیش میں پارلیمانی انتخابات میں کانگریس پارٹی کے شاندار مظاہرہ پر لکھنؤ میں واقع کانگریس پارٹی کے ریاستی دفتر پر کارکنان نے جشن منایا۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما علیم اللہ خان نے ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی جو مقبولیت ہے اسی کا نتیجہ ہے کہ امیٹھی اور رائے بریلی سے کانگریس پارٹی کو شاندار جیت حاصل ہوئی ہے۔
علیم اللہ خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی کی بلڈوزر اور انکاؤنٹر پالیسی سے عوام میں شدید غم و غصہ تھا جس کا جواب عوام نے اپنے ووٹ سے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طبقہ کو جس طرح نشانہ بنایا گیا وہ بھی سب کو معلوم ہے، لیکن اس انتخابات میں اقلیت اور اکثریت کے لوگوں نے ملکر کانگریس پارٹی کو ووٹ کیا جس کا نتیجہ ہے کہ بی جے پی ایودھیا میں بھی ہار گئی۔
کانگریس پارٹی اقلیتی مورچہ کے ریاستی صدر شاہنواز عالم نے کہا کہ ہم راہل گاندھی کے ساتھ بھارت جوڑو یاترا میں ساتھ رہے ہیں مجھے معلوم تھا کہ جس طرح سے عوام کے مابین مودی سرکار کے خلاف غصہ تھا مایوسی تھی اور جو نفرت کا ماحول پیدا کر دیا گیا تھا، اس کا جواب ملک کے عوام نے اپنے ووٹوں کے ذریعہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں وزیراعظم کے تقریروں میں جس طرح کے الفاظ ایک خاص طبقہ کے لیے استعمال کئے گئے اس کا جواب عوام نے اپنے ووٹوں سے دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو گھس پیٹھیا کہا گیا، زیادہ بچے پیدا کرنے والا کہا گیا جو کہ بہت شرمناک تھا اور یہ بات کسی اور نے نہیں بلکہ خود وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھے ہوئے مودی نے کہی جو بہت ہی شرمناک ہے۔