نئی دہلی: دہلی اسمبلی کا خصوصی اجلاس آج منعقد ہوا۔ اجلاس کے شروع ہوتے ہی ایوان میں ہنگامہ آرائی ہوئی۔ جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو حکمراں پارٹی کے اراکین اسمبلی نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ ایوان کی کارروائی دو بار 15 منٹ کے لیے ملتوی کرنی پڑی جس کے بعد 12 بجے ایوان کی کاروائی دوبارہ شروع ہوئی تو اس کے بعد بھی حکمراں پارٹی کے اراکین اسمبلی کا مظاہرہ جاری رہا۔ جس کے باعث اسمبلی اسپیکر رامنیواس گوئل نے ایوان کی کارروائی یکم اپریل تک ملتوی کر دی۔
اس سے پہلے اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے عآپ کے اراکین اسمبلی پیلے رنگ کی ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھے جس پر لکھا تھا 'میں بھی کیجریوال'۔ تمام اراکین اسمبلی نے اسمبلی کے باہر احتجاج کیا۔ نعرے لگائے اور مرکزی حکومت پر تحقیقاتی ایجنسیوں کے غلط استعمال کے سنگین الزامات عائد کیے۔
عآپ ممبر اسمبلی پروین کمار لوہے کی زنجیروں سے بندھ کر اسمبلی پہنچے تھے۔ اسمبلی اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی عام آدمی پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی نے وزارتی احاطے میں بی جے پی اور مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ یہ آمریت نہیں چلے گی۔ اس کے بعد وہ سبھی گاندھی جی کے مجسمے کے سامنے بیٹھ گئے اور کچھ دیر تک مظاہرہ کیا۔