بیدر:ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر میں بے روزگاری ایک اہم سنگین مسئلہ ہے۔ یہاں کے بیشتر افراد حیدرآباد، بنگلورو اور ممبئی میں روزگار کی تلاش میں ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔ بالخصوص یہاں کے مسلمان معاشی اعتبار سے نہایت پسماندہ ہے۔ متوسطہ طبقے کے مسلمان سیزن کے اعتبار سے اپنا کاروبار کرتے ہیں۔ ان ہی لوگوں میں سے ایک چاند پاشا نام کے مقامی تاجر نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے پلاسٹک سے بنے پھولوں کے گلدستے بنانے کا کام کر رہے ہیں۔ پہلے وہ تیار شدہ پھولوں کے گلدستے فروخت کرتے تھے لیکن اب حیدرآباد سے پلاسٹک کے پھول اور اس کی پتیاں وہ دیگر ضروری اشیاء خرید کر لا کر وہ خود گلدستے تیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس کام کے لیے دوسرے کاریگروں کی ضرورت پڑتی ہے۔ اس سے انہیں بھی روزگار مل جاتا ہے۔ پھولوں کے گلدستے چونکہ پلاسٹک سے بنائے جاتے ہیں۔ اس کی وجہ سے یہ کاروبار زیادہ نہیں چلتا ہے۔ یہ گلدستے گھروں کی سجاوٹ کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ پلاسٹ کے پھولوں کو زیادہ نہیں خریدتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ کام دیگر کاروبار کے مقابلے میں کم ہی چلتا ہے۔ حالانکہ لوگوں کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ قدرتی پھولوں کے مقابلے پلاسٹ کے گلدستے زیادہ دنوں تک چلتے ہیں۔