نوئیڈا:ریاست اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا شہر کے قریب واقع ربو پورہ کے رہنے والے سچن مینا اور پاکستان سے اپنے شوہر اور عزیز و اقارب کو چھوڑ کر آنے والی سیما حیدر کی کہانی میں پھر ایک نیا موڑ آ گیا ہے۔ دراصل گریٹر نوئیڈا میں رہنے والی سیما حیدر اس وقت سرخیوں میں آئیں جب وہ تمام بندھن توڑ کر پاکستان چھوڑ کر اچانک گریٹر نوئیڈا آگئیں۔ سیما حیدر کے ساتھ ساتھ اس کے نابالغ بچوں کا بھی مذہب تبدیل کرایا گیا۔ اس لیے شادی کرانے والے پنڈت کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بھارت میں موجود غلام حیدر کے وکیل مومن ملک نے بتایا کہ غلام حیدر نے ان کے ذریعے گریٹر نوئیڈا کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ سیما خود کو گریٹر نوئیڈا کے سچن کی بیوی کیوں بتا رہی ہیں، جب کہ تمام دستاویزات میں سیما حیدر غلام حیدر کی اہلیہ ہیں۔ گریٹر نوئیڈا کے رہنے والے سچن بھی سیما حیدر کو اپنی بیوی کہہ کر پکار رہا ہے۔ ان کے وکیل اے پی سنگھ بھی مسلسل سیما اور سچن کے شوہر اور بیوی ہونے کی بات کر رہے ہیں۔ اور یہ دونوں گریٹر نوئیڈا کے ربوپورہ میں کئی مہینوں سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں۔
غلام حیدر 10 جون کو بھارت آئیں گے:
غلام حیدر کے وکیل نے گریٹر نوئیڈا کی عدالت میں سچن-سیما اور ان کے وکیل کے خلاف درخواست دائر کی تھی، اور کہا کہ وہ غلط ہیں۔ تینوں کو درخواست کا نوٹس بھیجنے کے بعد بھی کسی کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔ اب گریٹر نوئیڈا کی عدالت نے پاکستانی شہری غلام حیدر کو 10 جون کو پیش ہونے کو کہا ہے۔ غلام حیدر کے وکیل مومن ملک کا دعویٰ ہے کہ اس مقدمے میں تینوں کو دو دو سال کی قید ہو سکتی ہے۔