کولکاتا:مغربی بنگال کی حکمراں جماعت نے جمعرات کو قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کے اگلے دن جمعہ کو ایک پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں ترنمول کانگریس کے ترجمان کنال گھوش اور دو ریاستی وزیر چندریما بھٹاچاریہ اور بیرباہا ہنسدا موجود تھے۔ سندیش کھالی معاملے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کنال گھوش نے کہاکہ کچھ لوگوں کی ناراضگی ہوسکتی ہے اور کچھ لوگوں کو بڑا لگ سکتا ہے۔مگر سندیش کھالی میں جوکچھ ہورہا ہے وہ سب سیاسی سازش کا حصہ ہے۔کنال نے کہاکہ ’’اس مسئلے کے لیے کانگریس، سی پی ایم، بی جے پی اور ایک اور پارٹی لوگوں کو بھڑکا کر عارضی افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
سندیش کھالی میں بدھ سے ہی حالات خراب ہیں ۔مظاہرین ای ڈی کی ٹیم پر حملہ کرنے میں ملوث شاہجہاں شیخ اور دیگر لیڈروں کی گرفتار کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ان لوگوں کا الزام ہےشاہجہاں شیخ کے خوف کی وجہ سے وہ اب تک خاموش تھے۔مظاہرین نے سندیش کھالی-II بلاک ترنمول کانگریس کے صدر شیبو ہزارا کے پولٹری فارم کو آگ لگا دی۔ بدھ کے بعد جمعرات کو خواتین شاہجہان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئیں۔دودن بعد جمعہ کو بھی کو سندیش کھالی کے جیلیاکھلی علاقے میں مظاہرے ہورہے ہیں ۔گائوں والوں کا الزام ہے کہ شاہجہاں شیخ اوران کے قریبیوں نے گائوں والوں پر ظلم کیا ہے ۔ گاؤں والوں کو ان کی مرضی کے خلاف مختلف کام کرنے پر مجبور کیا۔ زمین پر قبضے سے لے کر تشدد کے متعدد الزامات سامنے آئے ہیں۔