سرینگر (نیوز ڈیسک):آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے زور دیتے ہوئے کہا کہ (آر ایس ایس) تنظیم ہمیشہ ریزرویشن کی حمایت کرتی رہی ہے اور جب تک (معاشرے میں) 'امتیازی سلوک' روا رکھا جائے گا آر ایس ایس ریزرویشن کے نفاذ کی وکالت کرتی رہے گی۔ یہ تبصرے ایک وائرل ویڈیو کے تناظر میں سامنے آئے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 'سنگھ' ریزرویشن کے خلاف ہے۔
یہ ریمارکس اس لیے بھی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ اپوزیشن خاص طور پر کانگریس نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور مرکز میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر ریزرویشن کی مخالفت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی شدید نکتہ چینی کی۔ ودیا بھارتی وگننا کیندر کے افتتاح کے موقعے پر بات کرتے ہوئے بھاگوت نے گردش کر رہے ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا ہے کہ آر ایس ایس ریزرویشن کی مخالفت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں انہیں ایک میٹنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، لیکن انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا۔ بھاگوت نے کہا کہ "آر ایس ایس آئین کے بننے کے وقت سے ہی اس کے مطابق ریزرویشن کی حمایت کرتی رہی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "سنگھ (Sangh) کا کہنا ہے کہ ریزرویشن اس وقت تک جاری رہنی چاہیے جب تک کہ لوگوں (جنہیں ریزرویشن دی جاتی ہے) کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ انہیں اس کی ضرورت ہے۔ یا یہ کہ سماجی وجوہات کی بنا پر ریزرویشن دی جاتی ہے تک (معاشرے) میں امتیازی سلوک موجود ہے۔‘‘ وائرل ویڈیو کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی خاص کر مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کی مدد سے وہ سب کچھ دکھایا جا سکتا ہے جو اصل میں نہیں ہوا۔