نئی دہلی (نیوز ڈیسک): دہلی اسمبلی کی 70 سیٹوں کے لیے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ سب کی نظریں خاص طور سے دہلی کی مسلم اکثریتی سیٹوں پر ٹکی ہوئی ہیں۔ دہلی میں 13 فیصد مسلم ووٹر ہیں اور 11 ایسی سیٹیں ہیں جنہیں مسلم اکثریتی حلقے مانا جاتا ہے۔ ان میں اوکھلا، مصطفیٰ آباد، بلی ماران، سیلم پور، مٹیا محل، چاندنی چوک، سیما پوری، بابر پور، کراول نگر، جنگ پورہ اور صدر بازار کا نام شامل ہے۔ اس بار مسلم اکثریتی نشستوں پر بھاری ووٹنگ ہوئی۔ دہلی میں کم از کم پانچ ایسی سیٹیں ہیں جہاں سے مسلم امیدواروں کے جیتنے کی قوی امید ہے۔
اوکھلا سے عآپ کے امانت اللہ خان آگے
اوکھلا اسمبلی سیٹ پر اے آئی ایم آئی ایم سے شفا الرحمان، عام آدمی پارٹی سے امانت اللہ خان، کانگریس سے اریبہ خان اور بی جے پی سے منیش چودھری اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق عام آدمی پارٹی کے امانت اللہ خان 15178ووٹوں سے آگے ہیں جب کہ مجلس کے امیدوار شفاء الرحمٰن دوسرے نمبر پر چل رہے ہیں۔ یہاں سے بی جے پی تیسرے نمبر پر ہے۔
مٹیا محل سیٹ پر عآپ کے آل محمد اقبال کو سبقت
مٹیا محل اسمبلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے آل محمد اقبال اور کانگریس کے سابق ایم ایل اے عاصم محمد خان میدان میں ہیں اور بی جے پی کی دیپتی اندورا میدان میں ہیں۔ یہاں سے فی الوقت اس وقت عآپ کے آل محمد اقبال 33519ووٹوں سے آگے ہیں۔ مٹیا محل سے بی جے پی کی دیپتی اندورا دوسرے اور کانگریس کے عاصم محمد خان تیسرے نمبر پر ہیں۔
سیلم پور سے عآپ کے زبیر احمد کو واضح برتری
الیکشن کمیشن کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دہلی کی سیلم پور اسمبلی سیٹ پر عام آدمی پارٹی کے امیدوار زبیر احمد 33105ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں جو کہ ایک بڑا فرق ہے۔ یہاں سے بی جے پی امیدوار انل کمار شرما دوسرے نمبر پر چل رہے ہیں جب کہ کانگریس کے عبدالرحمان تیسرے نمبر پر ہیں۔
بلی ماران سیٹ پر عآپ کے عمران حسین آگے
دہلی کی بلی ماران سیٹ پر سخت مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ تاہم یہاں سے عام آدمی پارٹی کے عمران حسین تقریباً 8 ہزار ووٹوں سے آگے ہیں۔ وہیں بی جے پی کے کمال بنگڈی دوسرے نمبر پر ہیں، جب کہ کانگریس کے ہارون یوسف تیسرے نمبر پر ہیں۔
چاندنی چوک سے عآپ کے پنردیپ سنگھ ساہنی کو سبقت
چاندنی چوک سیٹ سے عآپ کے امیدوار پنردیپ سنگھ ساہنی 16187 ووٹوں سے پہلے نمبر پر چل رہے ہیں۔ جب کہ بی جے پی کے ستیش جین دوسرے اور کانگریس کے مودت اگروال تیسرے نمبر پر چل رہے ہیں۔
ایسی مسلم اکثریتی سیٹیں جہاں سے بی جے پی آگے
دہلی کی کئی مسلم اکثریتی سیٹیں ہیں جہاں سے بی جے پی کے امیدوار آگے چل رہے ہیں۔ ان سیٹوں مٰں مصطفیٰ آباد، بابرپور، صدر بازار، جنگ پورہ، کراوال نگر اور سیماپوری کے نام شامل ہیں۔ ان سیٹوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔