پریاگ راج:مذہب کی تبدیلی معاملے کی سماعت کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اتر پردیش غیر قانونی تبدیلی مذہب کی ممانعت قانون 2021 کا مقصد تمام افراد کو مذہبی آزادی کی ضمانت دینا ہے۔ ایکٹ کا مقصد ہندوستان میں سیکولرزم کو برقرار رکھنا ہے۔ آئین ہر فرد کو اپنے مذہب پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کا بنیادی حق دیتا ہے۔ مذہب کی آزادی کے انفرادی حق کو مذہب تبدیل کرنے کے حق میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ تبصرہ مذہب کی تبدیلی کے ملزم عظیم کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے کیا۔
غور طلب ہے کہ عظیم کے خلاف بدایوں کے کوتوالی تھانے میں ایک لڑکی کو زبردستی اسلام قبول کرنے اور اس کا جنسی استحصال کرنے کا مقدمہ اترپردیش غیر قانونی تبدیلی مذہب ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ فی الوقت ملزم جیل میں ہے، اس نے ضمانت کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار کو جھوٹے کیس میں پھنسایا گیا ہے۔ متاثرہ لڑکی نے متعلقہ کیس میں اپنے بیان میں درخواست گزار کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کی ہے۔ سرکاری وکیل نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس پر اسلام قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا۔