پٹنہ: سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا کی پارٹی راشٹریہ لوک جنتا دل (آر ایل جے ڈی) کو اب الیکشن کمیشن نے راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کے طور پر رجسٹرڈ کیا ہے۔ آر ایل جے ڈی کے بانی اوپیندر کشواہا نے اتوار کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ان سے کہا ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے رجسٹریشن کے لیے کم از کم تین مزید نام تجویز کریں کیونکہ آر ایل جے ڈی پہلے سے رجسٹرڈ کئی دیگر سیاسی جماعتوں کے ناموں سے ملتی جلتی ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے پوچھے جانے پر، انہوں نے تین نام تجویز کیے تھے اور بالآخر مناسب کارروائی کے بعد، راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کو ان کی پارٹی کے نام کے طور پر رجسٹر کیا گیا۔
کشواہا نے کہا، "یہ ہماری پارٹی کے رہنماو ¿ں اور کارکنوں کے لیے خوشی کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی کو ایک نئے نام کے ساتھ رجسٹر کیا ہے۔" انہوں نے کہا کہ ضروری عمل مکمل کرنے کے بعد جلد ہی ان کی پارٹی کو انتخابی نشان بھی الاٹ کر دیا جائے گا۔ آر ایل ایم کے سربراہ نے ایک سوال پر واضح کیا کہ کسی بھی پارٹی کا انتخابی نشان کمیشن کی طرف سے رجسٹریشن کے ساتھ نہیں دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کا حصہ ہیں۔ این ڈی اے کی اتحادی جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے انتظامات کے مطابق، ان کی پارٹی بہار میں آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی بہار کی تمام 40 لوک سبھا سیٹوں کے لئے بھرپور تیاری کر رہی ہے۔ تمام سیٹوں پر تیاریاں کرنا فطری بات ہے، تب ہی ان کی پارٹی خود انتخابات لڑنے والی سیٹوںکے علاوہ اپنے اتحادیوں کی حمایت کرنے کی پوزیشن میں ہوگی۔