ایودھیا: چھ دن تک جاری رہنے والی رسومات کے بعد آج رام مندر کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے۔ پی ایم نریندر مودی، آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کئی ملکی اور غیر ملکی مہمان افتتاحی تقریبات میں موجود رہے۔ پی ایم مودی اور موہن بھاگوت نے افتتاح کی رسومات کا آغاز کیا اور پوجا میں یہ دونوں نمایاں طور پر نظر آئے۔
وہیں افتتاحی تقریب کی شروعات پر ہیلی کاپٹر سے پھول برسائے گئے۔ 18 ریاستوں کے موسیقی کے آلات بھی بجائے گئے۔ پی ایم نریندر مودی پوجا کا سامان لے کر مندر پہنچے۔ انہوں نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی موجودگی میں 'رام للا' کی مورتی کی آنکھوں پر بندھی پٹی ہٹائی گئی۔
- مہمانوں کی شرکت
سابق صدر رام ناتھ کووند، آر ایس ایس کے سربراہ ڈاکٹر موہن بھاگوت، سابق نائب صدر وینکیا نائیڈو، سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ مکیش امبانی، نیتا امبانی، گوتم اڈانی، امیتابھ بچن، رجنی کانت، انوپم کھیر، کنگنا رناوت سمیت کئی فلمی شخصیات ایودھیا میں جاری رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شریک ہیں۔ وہیں اس تقریب میں شریک گلوکار کیلاش کھیر کا کہنا ہے کہ 'بہت جوش و خروش ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے آسمان سے دعوت آئی ہو۔ آج کے دن تینوں لوکوں میں جشن منایا جا رہا ہے۔'
- رسومات منگل سے جاری
منگل سے ہی رام مندر کے افتتاح کے لیے چھ روزہ رسومات شروع ہو گئی تھیں۔ مرکزی تقریب آج ہونی ہے۔ منگل کو پرائشچت اور کرم کٹی پوجا کی گئی۔ بدھ کو کیمپس میں رام کی بچپن کی مورتی کو سیر کرائی گئی۔ اس کے بعد مورتی کو مندر میں داخل کیا گیا۔ جمعرات کو تیرتھ پوجا، جل یاترا، جلادھیواس اور گندھادھیواس کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس میں مورتی کو پانی سے نہلایا گیا۔