کانپور: راہل گاندھی کے بھارت جوڑو نیائے یاترا کا ریاست اترپردیش کے کانپور میں زبردست پیمانے پر خیر مقدم کیا گیا۔ جہاں راہل گاندھی سے ملنے کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے ذات کی بنیاد پر مردم شماری کی بات دہرائی اور بے روزگاری کو دور کرنے، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرانے کے لیے لوگوں کو کانگریس سے جڑنے کی بات کی۔
راہل گاندھی آج تقریبا ساڑھے گیارہ بجے نیے گنگا پل سے ہوتے ہوئے کانپور میں داخل ہوئے، جہاں لوگوں نے ان کا زبردست استقبال کیا۔ جگہ جگہ پر راہل گاندھی کو پھول پیش کیے گئے اور راہل گاندھی زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ راہل گاندھی کی یہ یاترا کانپور میں صرف دو کلومیٹر تک کی تھی۔
راہل گاندھی نیے گنگا پل، پھول باغ میدان ہوتے ہوئے کانپور کے گھنٹہ گھر چوراہے پر پہنچے اور وہاں عوام کو خطاب کیا۔ راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرائے جانا اور ریزرویشن ہر ذات کو اس کی آبادی کے اعتبار سے دینے پر زور دیا۔