گیا : گیا میں وقف ترمیمی بل کے تعلق سے 29 ستمبر کو ایک اجلاس ہوگا۔ جمیعت علماء ہند ضلع گیا کی جانب سے اجلاس بلایا گیا ہے۔ جس کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ جمیعت علمائے ہند ضلع گیا کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد عظمت اللہ ندوی نے بتایا کہ 29 ستمبر کو جمعیت علما ضلع گیا کا اجلاس مدرسہ ترتیل القران پنہر مسجد گیا میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کا آغاز 11 بجے دن سے ہوگا۔ اس اجلاس میں ملک کے موجودہ حالات بطور خاص تحفظ اوقاف کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلع گیا کہ علماء، ائمہ مساجد اور معززین اور دانشوروں کو مدعو کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اس اجلاس میں مفید مشوروں پر عمل کرتے ہوئے آگے کا منصوبہ تیار ہوگا۔ انہوں نے اپنے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ وقف ترمیمی بل صرف ایک بل نہیں ہے، بلکہ ہماری شناخت اور ہمارے وجود اور ہماری شریعت کا معاملہ ہے۔ وقف میں جو ترمیم ہو رہی ہے، اس سے براہ راست مسلمانوں کو نقصان پہنچے گا۔ حکومت کی اگر نیت صاف ہے تو حکومت وقف املاک کو خرد برد ہونے سے بچائے، قابضین کے قبضے سے املاک کو آزاد کرائے، اس کے لیے اگر کوئی سخت کاروائی ہو تو اس کاروائی کو مسلمان استقبال کریں گے۔