حیدرآباد: آندھراپردیش میں انتخابات کی تیاریوں میں تیزی پیداکردی گئی ہے۔ اس تلگو ریاست میں لوک سبھا کے ساتھ ساتھ اسمبلی کے انتخابات بھی ہونے والے ہیں۔مرکزی الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے اس ریاست کا پہلے ہی دورہ مکمل کرلیا ہے۔ یہ عہدیدار قومی دارالحکومت نئی دہلی سے ریاست میں ہونے والے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انتخابی عہدیداروں نے ریاستی عہدیداروں کو انتخابات کے سلسلہ میں مناسب انتظامات کی ہدایت دی ہے۔
سمجھاجاتا ہے کہ عام انتخابات اپریل میں ہونے والے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کا شیڈول فروری کے آخری ہفتے یا مارچ کے پہلے ہفتے میں جاری ہونے کا امکان ہے۔ اے پی میں سیاست پہلے ہی گرم ہو چکی ہے۔ حکمران وائی ایس آر کانگریس اور اپوزیشن تلگودیشم دونوں جماعتیں انتخابات کے بگل کے بجنے کا انتظار کررہی ہیں۔ ریاست میں ان دو سیاسی پارٹیوں کے علاوہ کانگریس بھی سرگرم ہوچکی ہے۔ کانگریس نے وائی ایس شرمیلا کو ریاستی کانگریس کا سربراہ مقرر کیا ہے۔