اردو

urdu

ETV Bharat / state

عارف سلیم کو بے رحمی سے پیٹنے والے پولس افسران کو معطل کیا جائے - Muslim Youth Brutally Beaten

Police officers who brutally beat Arif Salim should be suspended دہلی میں جمعیۃ علماء ہند کے ایک وفد نے جوائنٹ سی پی سے ملاقات کرکے صدر جمعیۃ علماء ہند کا مکتوب حوالہ کیا اور ان سے انصاف کا مطالبہ کیا۔

Etv Bharat
Etv Bharat (Etv Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 31, 2024, 10:20 PM IST

دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے مشرقی رینج کے جوائنٹ سی پی ساگر سنگھ کلسی سے ان کے دفتر جا کر ملاقات کی اور صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی طرف سے ایک مکتوب سونپا ،جس میں ڈی بلاک ویسٹ ونود نگر دہلی کے رہنے والے عارف سلیم پر مدھو وہار پولس تھانے میں مبینہ طور پر پولس زیادتی اور اسلاموفوبیا کی شکایت کی گئی۔ ازیں قبل جمعیۃ کا ایک وفد عارف سلیم سے اس کے گھر پر مل چکا ہے۔

دراصل گذشتہ 21؍ مئی کی رات تقریباً 8 بجے پولس نے نہ صرف عارف کو پیٹا بلکہ اس کو ملا اور کٹوا کہہ کر مذہبی طعنے دیے جب کہ معاملہ ٹریفک سے متعلق قانون شکنی کا تھا۔ اس دوران عارف کے ساتھ پہلے موقع واردات پر مار پیٹ ہوئی، بعد میں تھانہ لے جا کر اس کو اندھیری کوٹھری میں بے رحمی سے مارا گیا۔ ہسپتال میں معمولی علاج کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا حالاں کہ شدید چوٹ اور نفسیاتی وحشت کی وجہ سے عارف گہری طبی نگرانی کا مستحق ہے۔

مولانا مدنی کے مکتوب میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ متاثرہ شخص عارف سلیم کے لیے پولس محکمہ کی طرف سے علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے اور مجرم پولس افسران اور عملہ کو بلاتاخیر معطل کیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور پورے معاملہ کی آزادانہ انکوائری کرائی جائے،نیز عارف کے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے جوائنٹ سی پی سے کہا کہ پولس عوام کے تحفظ کے لیے ہوتی ہے، اس لیے جو کچھ عارف کے ساتھ ہوا وہ ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ اس لیے لوگوں میں اعتماد بحال کرنے اور انصاف کی فراہمی کے لیے عارف کو معقول معاوضہ دیا جائے،نیز کسی شخص کو اس کی شناخت کی بنیاد سزا نہ دینے سے متعلق پولس افسران کی ذہنی اور نفسیاتی تربیت بھی ضروری ہے۔ جوائنٹ سی پی نے وفد کو یقین دلایا کہ ہر ممکن کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ شخص کوانصاف دلانے میں مدد کی جائے گی۔

جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے علاوہ ایڈوکیٹ سپریم کورٹ محمد نوراللہ، جمعیۃ علماء ہند کے سینئر آرگنائزر مولانا غیور احمد قاسمی اور مولانا شفیق احمد القاسمی مالیگانوی، دینی تعلیمی بورڈ دہلی صوبہ کے جنرل سکریٹری قاری عبدالسمیع قاسمی شامل تھے جبکہ مقامی افراد میں متاثرہ شخص کا بڑا بھائی طارق سلیم، محلے کے ذمہ داران شوکت علی، فخرالدین سیفی، معصوم علی، افضل خان، کامران سیفی وغیرہ شامل تھے۔ دوسری طرف عارف سے ملاقات کرنے والے وفد کی قیادت مولانا داؤد امینی صدر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی نے کی ، وفد نے عارف کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details